ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / ملک کی اکثریت امن پسند،کچھ لوگ اقلیتوں اوردلتوں کونشانہ بنارہے ہیں

ملک کی اکثریت امن پسند،کچھ لوگ اقلیتوں اوردلتوں کونشانہ بنارہے ہیں

Fri, 19 Aug 2016 19:40:18    S.O. News Service

 

’’فرقہ وارانہ پولرائزیشن‘‘کے خلاف پندرہ روزہ’’امن اور انسانیت مہم‘‘چلائے گی جماعت اسلامی ہند

نئی دہلی 19اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)گؤرکشا کے نام پر دلتوں، مسلمانوں اور کچھ دوسرے لوگوں کے خلاف تشدد کے حالیہ واقعات پرتشویش ظاہر کرتے ہوئے ملک کی اہم مسلم تنظیم جماعت اسلامی ہند نے آج کہا کہ وہ ’’فرقہ وارانہ پولرائزیشن‘‘کے اس ماحول کے خلاف15دنوں کیلئے امن اور انسانیت مہم شروع کرے گی جس میں تمام مذاہب کے رہنماؤں کو ساتھ لیا جائے گا۔امیرجماعت اسلامی ہندمولاناسیدجلال الدین عمری نے آج یہاں پریس کلب میں صحافیوں سے کہاکہ ملک کی اکثریت ، امن اوربھائی چارگی پریقین رکھتی ہے۔کچھ لوگ ایسے ہیں جو منظم طریقے سے ایسی وارداتوں کوانجام دے رہے ہیں۔ایسے عناصر ملک میں اقلیتوں،دلتوں اور کمزور طبقوں کے لوگوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ان کی کوشش ملک میں فرقہ وارانہ ماحول کھڑا کرنے کی ہے۔اسی کے خلاف ہم امن اور انسانیت مہم شروع کریں گے۔اس مسلم تنظیم کی یہ مہم21اگست سے چارستمبرتک چلے گی۔اس دوران جماعت کے عہدیدار ملک کے کئی شہروں اور قصبوں میں پروگرام اور جلسوں کا انعقاد کریں گے۔ان کاکہناہے کہ ان کے پروگراموں میں تمام مذاہب کے مذہبی رہنما شریک ہوں گے اور تمام طبقوں کے لوگوں کوجوڑنے پرزوردیا جائے گا۔مولاناعمری نے کہاکہ اتنے سالوں سے ملک میں تمام مذاہب کے لوگ مل جل کر رہتے آئے ہیں اور اسی روایت کو آگے بھی قائم رکھنے کی ضرورت ہے۔کچھ عناصر اس روایت کو ختم کرنا اور اقلیتوں اور کمزور طبقوں کے لوگوں کو الگ تھلگ کرنا چاہتے ہیں۔مبینہ گؤرکشکوں کے خلاف وزیر اعظم نریندر مودی کے بیان کا ذکر کرتے ہوئے جماعت کے سربراہ نے کہاکہ ملک کے وزیر اعظم کہتے ہیں کہ گؤرکشا کا دعویٰ کرنے والوں میں 80فیصد لوگ مجرم ہیں۔ان کے بیان کے بعدبھی ان لوگوں نے تشددکیا ہے۔ایسا لگتا ہے کہ وزیر اعظم کے بیان کا ابھی اثر نہیں ہواہے۔حکومت کو ایسے لوگوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ضرورت ہے۔


Share: